جہلم: پی ڈی ایم اے پنجاب نے جہلم سمیت صوبہ بھر میں مون سون بارشوں کے آٹھویں اسپیل کے حوالے سے الرٹ جاری کردیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق آج سے 5 ستمبر تک پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے ذرائع کے مطابق راولپنڈی ڈویژن کے جہلم، مری، گلیات، چکوال، تلہ گنگ اور اٹک سمیت سیالکوٹ، شیخوپورہ، نارووال اور گجرات میں بارشیں متوقع ہیں۔
اسی طرح لاہور، منڈی بہاؤالدین، گوجرانوالہ، وزیرآباد، حافظ آباد، قصور، اوکاڑہ، ننکانہ صاحب، سرگودھا، خوشاب، میانوالی، نورپور تھل، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، لیہ، بھکر، ساہیوال اور دیگر اضلاع میں بھی موسلا دھار بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات اور سیالکوٹ میں اربن فلڈنگ جبکہ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔ برساتی نالوں میں بھی طغیانی اور فلیش فلڈنگ کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ نے صوبے بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق ضلعی انتظامیہ کو بھی پیشگی اقدامات کے لیے الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بڑے شہروں میں اربن فلڈنگ کے خدشے کے پیش نظر انتظامیہ پیشگی حفاظتی اقدامات یقینی بنائے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، لوکل گورنمنٹ اور لائیو اسٹاک سمیت متعلقہ محکموں کو بھی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔
