جہلم میں اے این ایف اہلکاروں کو شہید کرنے والا مرکزی ملزم گرفتار نہ ہو سکا

جہلم/ سوہاوہ: ڈومیلی موڑ کے قریب اے این ایف اہلکاروں کو شہید کرنے والا مرکزی ملزم گرفتار نہ ہوسکا، تین ملزمان کو ایران فرار ہوتے ہوئے بلوچستان سے خفیہ ادارے نے حراست میں لے لیا،جہلم پولیس گرفتاری سے بے خبر نکلی۔

انتہائی باوثوق ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ 10 روز قبل جہلم کی تحصیل سوہاوہ میں ڈومیلی موڑ کے قریبی اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کے تین اہلکاروں کو فائرنگ کرکے شہید کرنے والے تین ملزمان قاسم، بلال اور جوہر کو پاکستانی خفیہ ایجنسی نے گوادر سے ایران فرار ہونے کی کوشش کرتے ہوئے گرفتار کرلیا ہے۔

اے این ایف کے اہلکاروں کو فائرنگ کرکے شہید کرنے والا مرکزی ملزم سید عامر عباس تاحال گرفتار نہیں ہوسکا۔

جہلم پولیس تاحال ملزمان کی گرفتاری سے بے خبر ہے، تھانہ دینہ کے ایس ایچ او اور جہلم پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے متعلق تاحال ہمیں کچھ علم نہ ہے۔

واضح رہے کہ 10 روز قبل جہلم کی تحصیل سوہاوہ میں ترقی ٹول پلازہ پر اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) اہلکاروں نے ایک مشکوک گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا تو منشیات اسمگلروں نے گاڑی بھگا دی۔

ڈومیلی موڑ کے قریب جی ٹی روڈ کالا پل کے مقام پر ملزمان نے گاڑی روک کر تعاقب میں آنے والی اے این ایف کی گاڑی پر فائرنگ کردی۔ فائرنگ کے نتیجہ میں ہیڈ کانسٹیبل گلزار احمد، کانسٹیبل مظہر حسین اور پرائیویٹ اہلکار (رضاکار) ارسلان ذیشان شہید ہو گئے۔

Exit mobile version