15
دینہ میں موٹر سائیکل چوری اور ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث صوفی گینگ کے 2 کارندوں کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل دینہ میں ایس ایچ او تھانہ دینہ اور ان کی ٹیم نے اہم کارروائی کرتے ہوئے موٹر سائیکل چوری اور ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث صوفی گینگ کے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
گرفتار ملزمان سے چوری شدہ 6 عدد موٹر سائیکلز، 85 ہزار روپے نقدی، 3 عدد موبائل فونز اور وارداتوں میں استعمال ہونے والا ناجائز اسلحہ پسٹل 30 بور معہ ایمونیشن برآمد کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان مختلف علاقوں میں موٹر سائیکل چوری اور ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث رہے ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف ٹھوس شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں اور انہیں مکمل قانونی کارروائی کے بعد چالان عدالت کیا جائے گا تاکہ انہیں قرار واقعی سزا دلوائی جا سکے۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے، جبکہ سنگین نوعیت کے جرائم میں ملوث ملزمان کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
