دینہ میں حکومتِ پنجاب کی جانب سے لاکھوں روپے کی لاگت سے تعمیر کیے گئے گرین بس اسٹاپس کو نقصان پہنچانے کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، جس پر شہریوں میں تشویش پائی جا رہی ہے۔
آج منگلا روڈ ہڈالی پر گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری سکول دینہ کے بالمقابل قائم گرین بس اسٹاپ پر نصب پلاسٹک شیٹ کو نامعلوم افراد نے توڑ دیا جبکہ دیگر پلاسٹک شیٹس کو بھی نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی۔
یہ بس اسٹاپ شہریوں کو بہتر اور محفوظ سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے تعمیر کیے گئے تھے، تاہم قیمتی سرکاری املاک کو اس طرح نقصان پہنچایا جانا کئی سوالات کو جنم دے رہا ہے۔
واقعے کے بعد اہلِ علاقہ میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے، جن کا کہنا ہے کہ یہ عمل یا تو کسی منظم سازش کا حصہ ہے یا پھر شرپسند عناصر کی حرکت، جس کی فوری اور شفاف انکوائری ہونی چاہیے۔
اہلیانِ علاقہ نے میر رضا اوزگن اور محمد تیمور خان سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کا فوری نوٹس لیا جائے، ذمہ داران کی نشاندہی کر کے ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے اور دیگر بس اسٹاپس کو بھی تحفظ فراہم کیا جائے تاکہ عوامی سہولیات کو مزید نقصان سے بچایا جا سکے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر بروقت کارروائی نہ کی گئی تو اس طرح کے واقعات دوبارہ بھی ہو سکتے ہیں، جس سے نہ صرف سرکاری خزانے کو نقصان پہنچے گا بلکہ عوام کے لیے بنائی گئی سہولیات بھی متاثر ہوں گی۔ عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ گرین بس اسٹاپس کی سیکیورٹی بہتر بنائی جائے اور قیمتی سرکاری اثاثوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔
