جہلم شہر میں تجاوزات کی بھرمار، شہریوں کا جینا محال ہو کر رہ گیا

جہلم شہر میں تجاوزات کی بھرمار، شہریوں کا جینا محال ہو کر رہ گیا، دکانداروں نے دکانوں کے آگے 5/6 فٹ تک دکانیں لگوا دیں، سڑکوں کو تنگ گلیوں میں تبدیل کردیا۔ شہریوں نے چیف سیکرٹری پنجاب سیکرٹری بلدیات اور ایڈوائزر صوبائی محتسب پنجاب سے نوٹس لینے کامطالبہ کردیا۔

تفصیلات کے مطابق جہلم شہر کی سڑکوں، بازاروں میں تجاوزات کے باعث شہریوں کی زندگیاں اجیرن ہو کر رہ گئیں ہیں۔ دکانداروں نے اپنی دکانوں کے آگے5/6 فٹ تک سٹالز لگوا کر سڑکوں کو تنگ گلیوں میں تبدیل کررکھا ہے اور رہی سہی کسر لوڈر رکشوں، ریڑھی بانوں نے نکال دی ہے، خریداری کے لئے شہریوں کا پیدل چلنا بھی بازاروں میں محال ہو کررہ گیا ہے۔

جہلم شہرکی سڑکوں جن میں ریلوے روڈ، تحصیل روڈ،سول لائن روڈ، محمدی چوک روڈ، ٹاہلیانوالہ روڈ، بابا جادہ روڈ سمیت اندرون شہر کے بازاروں میں تجاوزات کی وجہ سے ٹریفک جام رہنا روزانہ کا معمول بن چکا ہے۔ میونسپل کمیٹی کے ذمہ داران نے آنکھوں پر نوٹوں کی پٹی باندھ کر خاموشی اختیار کررکھی ہے جس کیوجہ سے تجاوزات میں روز بروز اضافہ ہو تا جارہاہے۔

شہریوں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کا صاف ستھرا پنجاب مہم بھی کاغذی کارروائیوں اور فوٹو سیشن کے تلے دب کر رہ گئی ہے۔

شہریوں نے وزیراعلی پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب ،سیکرٹری بلدیات ،ڈپٹی کمشنر اور ڈی ایس پی ٹریفک پولیس اور ایڈوائزر صوبائی محتسب سے مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے پر سختی سے نوٹس لیا جائے اور تجاوزات مافیا کے خلاف ایکشن لیا جائے تاکہ شہری آرام سے خریداری کرسکیں۔

Exit mobile version