سرکاری مراکز صحت میں عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی، ڈپٹی کمشنر جہلم

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ ہیلتھ کونسل کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز، تحصیل ہیڈ کوارٹرز، رورل ہیلتھ سنٹرز اور مریم نواز ہیلتھ کلینکس میں صحت عامہ کی سہولیات اور طبی خدمات کی فراہمی سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی میاں مظہر حیات، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال زاہد تنویر، کمیٹی ممبران ادریس خلیل، فرحت کمال ضیاء سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران مختلف مراکز صحت میں ادویات کی دستیابی، طبی عملے کی حاضری، مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور جاری صحتِ عامہ کے اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ متعلقہ افسران نے مراکز صحت میں طبی خدمات کی موجودہ صورتحال اور عوام کو درپیش مسائل سے بھی آگاہ کیا۔

ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے ہدایت کی کہ ضلع بھر کے سرکاری مراکز صحت میں عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے ادویات کی وافر دستیابی، طبی عملے کی حاضری، صفائی ستھرائی اور مریضوں کی سہولت سے متعلق امور کی مؤثر نگرانی جاری رکھنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ صحت عامہ کی خدمات میں مزید بہتری کے لیے دستیاب وسائل کو مؤثر انداز میں بروئے کار لایا جائے اور سرکاری مراکز صحت میں آنے والے مریضوں کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کو ترجیح دی جائے۔

Exit mobile version