پنڈدادنخان: تحصیل ہیڈ کوارٹر (ٹی ایچ کیو) ہسپتال پنڈدادنخان میں فرض شناسی، محنت، ذمہ داری اور عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی میں نمایاں کردار ادا کرنے والے ملازمین کی حوصلہ افزائی کے لیے ایک باوقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف شعبہ جات میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ملازمین کو تعریفی اسناد سے نوازا گیا۔
تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر پنڈدادنخان نے ایم ایس ٹی ایچ کیو ہسپتال و ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ڈی ایچ او) پنڈدادنخان ڈاکٹر انجم قدیر کے ہمراہ نمایاں کارکردگی دکھانے والے ملازمین میں تعریفی اسناد تقسیم کیں۔ اس موقع پر ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کے عملے کی محنت، پیشہ ورانہ ذمہ داریوں اور مریضوں کو طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا گیا۔
تعریفی اسناد حاصل کرنے والوں میں ڈاکٹر عطاالرحمٰن، چائلڈ اسپیشلسٹ، ڈاکٹر صدف، چائلڈ اسپیشلسٹ، فارماسسٹ، نرسنگ اسٹاف، مالی اور جینیٹوریل اسٹاف شامل تھے۔ تقریب کے دوران خواتین اسٹاف کی خدمات، محنت اور ذمہ داریوں کی ادائیگی کو بھی خصوصی طور پر سراہا گیا۔
اس موقع پر ڈاکٹر انجم قدیر نے کہا کہ کسی بھی ادارے کی کامیابی اس کے محنتی، فرض شناس اور ذمہ دار ملازمین کی کاوشوں سے وابستہ ہوتی ہے۔ ٹی ایچ کیو ہسپتال پنڈ دادن خان کا تمام عملہ عوام کو بروقت اور بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کر رہا ہے، جو قابلِ تحسین ہے۔
انہوں نے کہا کہ اچھی کارکردگی کا اعتراف کرنا محنت کرنے والے ملازمین کی حوصلہ افزائی کا مؤثر ذریعہ ہے۔ اس سے نہ صرف ملازمین میں مزید محنت اور ذمہ داری کے ساتھ کام کرنے کا جذبہ پیدا ہوتا ہے بلکہ دیگر اہلکاروں کو بھی اپنی کارکردگی بہتر بنانے کی ترغیب ملتی ہے۔
ڈاکٹر انجم قدیر نے مزید کہا کہ ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ملازمین کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ان شاء اللہ ہر ماہ بہترین کارکردگی دکھانے والے ملازمین کو تعریفی اسناد سے نوازا جائے گا، تاکہ ادارے میں محنت، ذمہ داری، نظم و ضبط اور عوامی خدمت کے جذبے کو مزید فروغ دیا جا سکے۔
تقریب کے اختتام پر ہسپتال انتظامیہ نے تمام اعزاز حاصل کرنے والے ملازمین کو مبارکباد پیش کی اور ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ٹی ایچ کیو ہسپتال پنڈ دادن خان میں مریضوں کو بہتر سے بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور صحت عامہ کی خدمات کو مزید موثر بنانے کے لیے ملازمین کی حوصلہ افزائی جاری رکھی جائے گی۔
