دینہ: اسسٹنٹ کمشنر دینہ صفاء عابد چغتائی نے فوڈ اتھارٹی ٹیم کے ہمراہ دینہ کے جی ٹی روڈ پر مختلف ہوٹلوں اور فوڈ پوائنٹس پر اچانک چھاپہ مار کر کھانے پینے کی ناقص اور غیر معیاری اشیاء فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی۔
چھاپے کے دوران ہوٹلوں پر ایکسپائری اشیاء، خراب گوشت اور سبزی وغیرہ کو موقع پر تلف کیا گیا۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے متعدد ہوٹلوں پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے جبکہ دینہ منگلا روڈ پر مختلف دودھ دہی کی دکانوں کا بھی معائنہ کیا گیا اور ناقص یا پانی ملا دودھ فروخت کرنے والی ایک دوکان کو سیل کر دیا گیا۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر دینہ نے دوکانداروں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ کھانے پینے کی اشیاء میں صرف تازہ اور معیاری اجناس استعمال کی جائیں اور صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھا جائے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ عوام کے ساتھ دھوکہ دہی یا غیر معیاری اشیاء کی فروخت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور آئندہ ایسی حرکت پر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
شہریوں نے اسسٹنٹ کمشنر دینہ صفاء عابد چغتائی کی بروقت اور مؤثر کارروائی کو سراہا اور ان کا خراج تحسین پیش کیا۔
