جہلم: لاہور قلندرز کے پلیئرز ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جہلم میں منعقدہ ٹرائلز کے بعد 14 خوش قسمت کھلاڑیوں کو منتخب کرلیا گیا، جن میں 11 لڑکے اور 3 لڑکیاں شامل ہیں۔
منتخب کھلاڑیوں اور ان کے والدین، بہن بھائیوں اور دوستوں کی خوشی دیدنی تھی، دعاؤں اور محنت نے ان کے خواب کو حقیقت میں بدل دیا۔
جہلم میں ہونے والے ٹرائلز میں نوجوان کھلاڑیوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ بہترین کارکردگی کی بنیاد پر منتخب ہونے والے لڑکوں میں محمد حسن، حسیب عمران، محمد اجمل، رضا المصطفیٰ، فیض مغل، طعیب حسین، عبداللہ امین، زیشان علی، اویس اقبال، محمد نعیم اور محمد احسن شامل ہیں۔
اسی طرح لڑکیوں میں عبیرہ معروف، نعلین فاطمہ اور صوبیہ اسماء نے اپنی شاندار صلاحیتوں کے ذریعے جگہ بنائی ہے۔
لاہور قلندرز کے حکام کے مطابق پلیئرز ڈویلپمنٹ پروگرام کا مقصد ملک کے کونے کونے سے باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں کو تلاش کرکے انہیں لاہور قلندرز ہائی پرفارمنس سینٹر میں عالمی معیار کی تربیت دینا ہے تاکہ پاکستان کو مستقبل کے بہترین کرکٹرز فراہم کیے جا سکیں۔
