ڈپٹی کمشنر جہلم کا پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو گراں فروشوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم

4

جہلم: میر رضا اوزگن نے ضلع جہلم میں مہنگائی کے خاتمے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو گراں فروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی واضح ہدایات جاری کر دی ہیں۔

اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر جہلم کی زیرِ صدارت پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر میں اشیاء خوردونوش کی قیمتوں، نرخ ناموں پر عملدرآمد اور مجسٹریٹس کی مجموعی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے کہا کہ گراں فروشی اور ذخیرہ اندوزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور ان عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ محض جرمانے عائد کرنا کافی نہیں، بلکہ سنگین نوعیت کی خلاف ورزیوں میں ملوث دکانداروں اور تاجروں کے خلاف گرفتاریاں عمل میں لائی جائیں اور ایف آئی آرز درج کی جائیں تاکہ قانون کی عملداری کو یقینی بنایا جا سکے۔

ڈپٹی کمشنر جہلم نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹوں، بازاروں اور سبزی منڈیوں کے فیلڈ وزٹس کریں اور ہر دکان پر سرکاری نرخ ناموں کی نمایاں آویزاں ہونے کی سختی سے چیکنگ کریں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو براہ راست ریلیف کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

میر رضا اوزگن نے مزید کہا کہ مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والے عناصر درحقیقت عوام کے معاشی استحصال کے ذمہ دار ہیں، اس لیے ان کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے یہ بھی خبردار کیا کہ اگر کسی سرکاری افسر یا مجسٹریٹ کی جانب سے عوامی مفاد کے تحفظ میں غفلت یا لاپرواہی سامنے آئی تو اس کے خلاف بھی سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اجلاس کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر جہلم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلعی انتظامیہ اشیاء خوردونوش کی قیمتوں کو کنٹرول میں رکھنے، گراں فروشی کے خاتمے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی، تاکہ شہریوں کو روزمرہ ضروریات سرکاری نرخوں پر بآسانی میسر آ سکیں۔

Exit mobile version