پنڈدادنخان کے کاشتکاروں میں مفت ٹریکٹرز تقسیم، خاتون خوش نصیب بھی شامل

پنڈدادنخان: پنجاب حکومت کے زیادہ گندم اگاؤ پروگرام 2024-25 کے تحت پنڈدادنخان کے کاشتکاروں کے لیے ٹریکٹرز کی مفت تقسیم کی پروقار تقریب مقامی میرج ہال میں منعقد ہوئی۔

تقریب میں چھ خوش نصیب کسانوں میں ٹریکٹرز کی چابیاں تقسیم کی گئیں، جن میں ایک خاتون کاشتکار بھی شامل تھیں، جو اس سکیم کے تحت ٹریکٹر حاصل کرنے والی خوش نصیب خواتین میں شامل ہوئیں۔

تقریب کے مہمان خصوصی مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی چوہدری فرخ الطاف، سابق تحصیل ناظم چوہدری عابد اشرف جوتانہ اور ڈائریکٹر زراعت راولپنڈی ڈویژن سید شاہد افتخار بخاری تھے، جنہوں نے منتخب کاشتکاروں کو ٹریکٹرز کی چابیاں تقسیم کیں۔

چوہدری فرخ الطاف نے اپنے خطاب میں کہا کہ پنجاب حکومت کا یہ اقدام کاشتکاروں کی ترقی اور زرعی پیداوار بڑھانے کے لیے نہایت خوش آئند ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کا عزم ہے کہ کسانوں کو جدید مشینری اور سہولیات فراہم کر کے زرعی شعبے کو ترقی دی جائے گی تاکہ پاکستان خوراک میں خود کفیل بن سکے۔

ڈائریکٹر زراعت سید شاہد افتخار بخاری نے بھی کامیاب کسانوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کسانوں کی خوشحالی اور زرعی میدان میں انقلابی تبدیلی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔

تقریب میں بڑی تعداد میں سیاسی، سماجی، فلاحی شخصیات اور میڈیا نمائندگان نے شرکت کی اور حکومت پنجاب کے اس اقدام کو خوب سراہا۔

Exit mobile version