جہلم: ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفس جہلم کے زیرِ اہتمام گورنمنٹ گریجویٹ کالج جی ٹی روڈ جہلم میں "سی ایم پنجاب پاپولیشن مینجمنٹ اینڈ فیملی پلاننگ پروگرام” کے تحت ایک جامع آگاہی سیشن اور دستاویزی فلموں کی نمائش کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد نوجوان نسل میں آبادی کے مسائل کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا اور ذمہ دارانہ طرزِ عمل کو فروغ دینا تھا۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر جہلم حسن خالد وڑائچ نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم یافتہ اور باشعور نوجوان کسی بھی ملک کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو درپیش بڑے چیلنجز میں تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی ایک اہم مسئلہ ہے، جس کے حل کے لیے نوجوانوں کو آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوانوں کی فعال شمولیت کے بغیر معاشرے میں مؤثر آگاہی پیدا نہیں کی جا سکتی، اس لیے انہیں اس قومی مہم کا حصہ بنانا ناگزیر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ متوازن آبادی، وسائل کے درست استعمال اور بہتر منصوبہ بندی کے ذریعے ہی ایک مضبوط، مستحکم اور ترقی یافتہ معاشرہ تشکیل دیا جا سکتا ہے۔
پروگرام کے دوران طلبہ کو دستاویزی فلموں کے ذریعے آبادی میں اضافے کے اثرات، خاندانی منصوبہ بندی کی اہمیت اور سماجی ذمہ داریوں کے حوالے سے آگاہ کیا گیا، جسے طلبہ نے بڑی دلچسپی سے دیکھا۔
اختتام پر اساتذہ اور طلبہ میں آگاہی مواد تقسیم کیا گیا جبکہ شرکاء کے لیے ریفریشمنٹ کا بھی اہتمام کیا گیا۔ شرکاء نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے معلوماتی اور تربیتی پروگرامز نوجوانوں میں شعور بیدار کرنے اور مثبت معاشرتی تبدیلی لانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
