جہلم: ضلع بھر میں طبی سہولیات کی بہتری اور طبی مراکز کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے ایک جنرل اجلاس ڈپٹی کمشنر جہلم کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق کی زیر صدارت منعقد ہوا۔
اجلاس میں تحصیل جہلم، دینہ، سوہاوہ اور پنڈدادنخان سے تمام مراکز صحت کے انچارج اور محکمہ صحت کے افسران شریک ہوئے۔
اجلاس میں سی اوہیلتھ نے ضلع بھر کے مراکز صحت کی کارکردگی، دستیاب مشینری، لیبارٹریز، عملہ کی کارکردگی اورگزشتہ دو ماہ کے دوران مستفید ہونے والے مریضوں بارے بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر نے عملہ کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ ضلع کی آبادی کے لحاظ سے بلاشبہ ہمیں بہت کم وسائل دستیاب ہیں خاص طور پردیہی مراکز صحت میں بہت ساری سہولیات اور مشینری کی ضرورت کے باوجود محکمہ صحت کے عملہ نے جس طرح شہریوں کو طبی امداد فراہم کی ہے وہ کئی اضلاع سے بہتر اور معیاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم پنجاب حکومت کے ساتھ رابطے میں ہیں اور جتنی زیادہ مشینری، ادویات اور تزئین و آرائش ممکن ہے وہ جاری ہے، عملہ کے مسائل حل کرنے کیلئے ہمہ وقت ہمارے دروازے کھلے ہیں۔
