دینہ: وسیلہ ویلفیئر فاؤنڈیشن اور جہلم فورم کے زیر اہتمام شعور ویلفیئر سنٹر مفتیاں دینہ میں مستحق معذور افراد میں ویل چیئرز تقسیم کرنے کی ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں اوورسیز پاکستانی، ممتاز سماجی وسیاسی شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب کے مہمان خصوصی برطانیہ کے شہر برینٹ کے میئر طارق ڈار ایم بی ای تھے۔ تقریب میں ہارون افضل کھٹانہ صدر جہلم فورم برطانیہ، حامد بٹ صدر جہلم فورم لندن، ڈاکٹر عصمت ملک صدر جہلم فورم (جہلم برانچ)، چیف آرگنائزرجہلم فورم الیاس گوندل، سیاسی و سماجی شخصیت سابق سٹی ناظم جہلم چوہدری غلام احمد زمرد، انجینئر حاجی صفدر علی چیئرمین ویلفیئر پروجیکٹ جہلم فورم دینہ برانچ اور سلیم انور کسانہ چیئرمین وسیلہ ویلفیئر فاؤنڈیشن نے شرکت کی۔
تقریب میں 11 مستحق معذور افراد میں ویل چیئرز تقسیم کی گئی اور ان کی عزت نفس کا خصوصی خیال بھی رکھا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے برینٹ کے میئر طارق ڈار ایم بی ای نے کہا کہ مجھے اپنی مٹی سے بے حد پیار ہے میں، ہر دوسری صورت میں اپنی مٹی سے تعلق رکھنے والے تمام اشرف المخلوقات کی خدمت کرنا چاہتا ہوں۔
تقریب میں تمام مقررین نے اس جذبے کا اظہار کیا کہ بنی نوع انسان کی خدمت کرنا صاحب حیثیت لوگوں کا فرض ہے، مذکورہ ویلفیئر نے آج تک جتنے بھی کام سر انجام دیے ہیں وہ قابل تعریف ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ اس میں مزید وسعت ڈال کر انسانوں کی ہر حالت میں بہتر خدمت کی جائے۔ مالی معاونت اس انداز سے کی جائے کہ متاثرہ شخص مستقبل میں خود دوسروں کی کفالت کرے۔
تقریب کے اختتام پر سلیم انور کسانہ نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وسیلہ ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تحت تمام کام ہوئے جس میں میرے خاندان اور اہلیان مفتیاں نے بھرپور ساتھ دیا۔ آج کے بعد جہلم فورم اس کام کو مزید بہتر انداز میں سر انجام دے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم یہ کام صرف اللہ کی خوشنودی حاصل کرنے کے لیے کرتے ہیں۔ ضلع جہلم میں صدقہ آب پروگرام کے تحت 147 پراجیکٹ کیے اور مزید سروے جاری ہیں۔ جن علاقوں میں پانی کی قلت ہے، ہم وہاں پانی دستیاب کرنے کے لیے ہر وقت کوشاں ہیں۔ صدقے کی مختلف اقسام ہیں، کسی ویلفیئر کو وقت دینا بھی ایک صدقہ ہے۔
تقریب میں سینکڑوں مقامی و غیر مقامی افراد نے شرکت کی۔
