جہلم چیمبر آف کامرس کے آئندہ انتخابات کے لیے انتخابی سرگرمیوں میں تیزی آگئی ہے اور دو گروپوں یو وی جی اور بزنس الائنس کے درمیان کانٹے دار مقابلے کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ دونوں گروپوں کی جانب سے ووٹرز کی حمایت حاصل کرنے کے لیے رابطوں، ملاقاتوں اور دعوتوں کا سلسلہ جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق جہلم چیمبر آف کامرس کے صدر حاجی زاہد حسین بٹ کی دو سالہ مدت مکمل ہونے کے بعد گزشتہ ماہ انتخابات کا اعلان کیا گیا تھا، جس کے بعد دونوں گروپوں نے اپنی انتخابی مہم تیز کردی ہے۔
دونوں جانب سے امیدوار تاجر برادری کے مختلف حلقوں سے ملاقاتیں کرکے اپنی حمایت مضبوط بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، جبکہ ووٹرز بھی دونوں گروپوں کے امیدواروں کی جانب سے دی جانے والی دعوتوں میں شرکت کر رہے ہیں۔
انتخابی سرگرمیوں کے دوران بعض ووٹرز کی جانب سے دونوں گروپوں کی حمایت کے وعدے کیے جانے کے باعث امیدواروں میں تذبذب کی کیفیت بھی دیکھنے میں آرہی ہے، تاہم دونوں گروپ اپنی اپنی کامیابی کے لیے پرامید ہیں۔
تاجر برادری کے حلقوں کا کہنا ہے کہ انتخابات میں حتمی فیصلہ ووٹرز کے ووٹ سے ہی ہوگا۔ انتخابات قریب آنے کے ساتھ ساتھ سیاسی جوڑ توڑ، رابطہ مہم اور انتخابی سرگرمیوں میں مزید تیزی آنے کا امکان ہے۔
