ستھرا پنجاب؛ دینہ میں صفائی کی ابتر صورتحال، جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر، شہریوں کو مشکلات کا سامنا

دینہ: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے “ستھرا پنجاب” ویژن پر دینہ اور گردونواح میں عملدرآمد نہ ہونے کے باعث صفائی کی صورتحال ابتر ہوتی جا رہی ہے، جس پر شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

شہریوں کے مطابق گلی محلوں، بازاروں اور سڑکوں پر جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر لگ چکے ہیں، جبکہ دیہی علاقوں میں صورتحال مزید سنگین ہے جہاں صفائی کا کوئی مؤثر نظام موجود نہیں۔ گندے پانی کے جوہڑ، تعفن اور بیماریوں کے خدشات معمول بنتے جا رہے ہیں، مگر متعلقہ ادارے خاموش دکھائی دیتے ہیں۔

مقامی افراد کا کہنا ہے کہ صفائی کا عملہ اپنی ذمہ داریوں سے غافل نظر آتا ہے اور اکثر صرف نمائشی کارروائیوں تک محدود رہتا ہے، جہاں چند لمحوں کے لیے صفائی کی جاتی ہے اور بعد ازاں صورتحال دوبارہ جوں کی توں ہو جاتی ہے۔

شہریوں نے سوال اٹھایا ہے کہ کیا وزیراعلیٰ کا ویژن یہی تھا یا نچلی سطح پر نااہلی اور غفلت کے باعث اس منصوبے کو ناکام بنایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی نہ کی گئی تو نہ صرف یہ منصوبہ متاثر ہوگا بلکہ عوام کا اعتماد بھی مجروح ہوگا۔

اہلِ علاقہ نے وزیراعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس صورتحال کا فوری نوٹس لیں، ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے اور صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جا سکے۔

Exit mobile version