6 ستمبر یوم دفاع ہماری ملکی تاریخ کا ایک روشن باب ہے، مقررین

جہلم: چھ ستمبر یوم دفاع پاکستان ہماری ملکی تاریخ کا ایک روشن باب ہے۔ 1965ء کو وطن عزیز پر حملہ آور دشمن کو پاک فوج اور عوام نے مل کر تاریخی سبق سکھایا۔ یوم دفاع کے موقع پر ضلع جہلم میں محکمہ کالجز کے زیر اہتمام مختلف تحصیلوں کے سرکاری کالجوں میں خصوصی سیمینارز اور تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔

مقررین نے سیمینارز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چھ ستمبر کا دن اس عزم کی تجدید کا دن ہے کہ وطن کی مٹی کی خاطر کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو ملکی سلامتی کے لیے قربانیاں دینے والے عظیم ہیروز کے کارناموں سے آگاہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ ان میں حب الوطنی اور دفاع وطن کا جذبہ مزید پروان چڑھ سکے۔

طلبہ و طالبات نے 1965 کی جنگ کے حوالے سے تاریخی واقعات پر سیر حاصل گفتگو کی، پاک فوج کی لازوال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور ملکی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کیں۔

ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز حماد رضا اعوان کی خصوصی ہدایت پر طلبہ و طالبات کو یوم دفاع کی اہمیت سے آگاہ کرنے کے لیے مختلف کالجز میں ریلیوں کا بھی اہتمام کیا گیا۔ ریلیوں میں طلبہ نے قومی پرچم اٹھا کر وطن سے محبت کا اظہار کیا اور ’’پاکستان زندہ باد‘‘ کے نعرے لگائے۔

Exit mobile version