شیفیلڈ/میرپور: برطانیہ کے شہر شیفیلڈ میں ٹریفک حادثے کے نتیجے میں آزاد کشمیر کے ضلع میرپور سے تعلق رکھنے والے پاکستانی نژاد نوجوان دانیال محمود جاں بحق ہو گئے، جس پر اہل خانہ اور آبائی علاقے میں فضا سوگوار ہو گئی۔
حادثہ 24 اپریل کی شب تقریباً 10 بج کر 40 منٹ پر سیوائل اسٹریٹ ایسٹ شیفیلڈ میں پیش آیا، جہاں ایک پورش کایین اور سیٹ ایبیزا کے درمیان تصادم ہوا۔ پولیس کے مطابق دانیال محمود شدید سر کی چوٹوں کے باعث زخمی ہوئے اور اگلے روز زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کر گئے۔
خاندانی ذرائع کے مطابق مرحوم دانیال محمود ضلع میرپور کے علاقے کنیلی (نزد اسلام گڑھ) کے رہائشی تھے۔ وہ چوہدری ظفر محمود کے صاحبزادے، شہروز محمود کے بھائی اور حاجی چوہدری محمد لطیف کے پوتے تھے جبکہ وہ چوہدری محمد رزاق کے بھتیجے بھی تھے۔
حادثے کے وقت ان کے ہمراہ ان کے دوست و کزن چوہدری حسیب بھی موجود تھے، جو زخمی ہوئے اور انہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ زیر علاج ہیں۔ پولیس کے مطابق دوسری گاڑی میں سوار افراد کو معمولی چوٹیں آئیں اور وہ تفتیش میں تعاون کر رہے ہیں جبکہ حادثے کی تحقیقات جاری ہیں۔
مرحوم دانیال محمود کو ایک خوش اخلاق، ملنسار اور زندہ دل نوجوان کے طور پر یاد کیا جا رہا ہے۔ سوشل میڈیا پر بھی ان کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے، جبکہ دوستوں اور عزیز و اقارب نے ان کی ناگہانی موت کو بڑا صدمہ قرار دیا ہے۔
اہلِ علاقہ اور عزیز و اقارب نے مرحوم کے لیے مغفرت اور درجات کی بلندی جبکہ زخمی کے لیے جلد صحتیابی کی دعا کی اپیل کی ہے۔
