الیکشن کمیشن نے فواد چوہدری کی درخواست پر نوٹس لے لیا

جہلم: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کی درخواست پر نوٹس لے لیا۔
ای سی پی نے فواد چوہدری کی درخواست پر ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق اور ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ کو مراسلہ ارسال کردیا ہے۔
ای سی پی نے مراسلے میں ڈی آر او اور ڈی پی او کو شکایات کے ازالے کی ہدایت کی ہے، الیکشن کمیشن نے حکم دیا کہ درخواست گزار کی شکایت پر قانون کے تحت کارروائی کی جائے۔
فواد چوہدری نے الیکشن کمیشن میں امیدوار، تجویز و تائید کنندگان کو ہراساں کرنے کی شکایت کی ہے۔
دوسری جانب حلقہ این اے 61 جہلم ٹو سے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری اور ان کے بھائی فیصل فرید ایڈووکیٹ کے کاغذات کی جانچ پڑتال مکمل ہو گئی۔
فواد چوہدری اور فیصل فرید کے تجویز کنندہ اور تائید کنندہ نے وکلاء کے ہمراہ ریٹریننگ آفیسر کے سامنے پیش ہوکر جانچ پڑتال مکمل کروائی، دونوں امیدواروں کی جانب سے ملک عبدالعزیز، چوہدری طفیل، چوہدری ناظم ایڈووکیٹ اور چوہدری مظہر گوندل آر او آفس میں پیش ہوئے تھے۔



