قلعہ روہتاس میں بھتہ خوری عروج پر، غیر ملکی اور اوورسیز پاکستانی سیاح مایوس

جہلم: قلعہ روہتاس میں بھتہ خوری سمیت مختلف ہیلے بہانوں سے پیسے بٹورنے کیلئے شہریوں کو تنگ کرنے کا سلسلہ جاری، محکمہ آثارے قدیمہ کے آشیرباد کی وجہ سے پرچی معافیا نے پانچ سو سے دو ہزار تک پارکنگ فیس مقرر کرکے سادہ لوح شہریوں کو لوٹنے کا سلسلہ جاری، غیر ملکی اور اوورسیز پاکستانی سیاح مایوس ہونے لگے۔
اوورسیز پاکستانی نے اپنی اہلیہ برطانوی خاتون کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہم اہل خانہ کے ہمراہ ضلع جہلم کے تاریخی مقام قلعہ روہتاس سیر و تفریح کی غرض سے گئے، جہاں ایک طرف سیاحوں کیلئے سہولیات کا فقدان ہے جبکہ دوسری جانب قلعہ روہتاس ڈیوٹی پر معمور ہر فرد سیاحوں کو لوٹ رہا ہے، پرچی معافیا نے پانچ سو سے دو ہزار تک پارکنگ فیس مقرر کر رکھی ہے اور گائیڈر کے نام پر پانچ پانچ ہزار وصول کیا جا رہا ہے۔
اوورسیز پاکستانی اور برطانوی خاتون نے اپنی گفتگو میں مزید بتایا کہ اس حوالے سے محکمہ آثار قدیمہ کے دفتر شکایت درج کروانے گئے لیکن وہاں کرسی پر براجمان شخص بدتمیزی سے پیش آئے اور بات سننے کو تیار ہی نہیں تھے جس پر ہمیں مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔
اوورسیز پاکستانی اور برطانوی خاتون نے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ تاریخی مقام قلعہ روہتاس میں فرض شناس عملے کو تعینات کیا جائے تاکہ آنے والے سیاحوں کو سہولیات فراہم ہو سکیں۔



