ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر سعید احمد کا ریسکیو ٹیم کے ہمراہ قرآن محل کا دورہ

جہلم: ریسکیو 1122 جہلم کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر سعید احمد نے ریسکیو ٹیم کے ہمراہ قرآن محل جہلم کا دورہ کیا۔ دورے کا مقصد شہید قرآن پاک اور دیگر مقدس اوراق کو محفوظ بنانے کے عظیم مشن اور اس حوالے سے کیے گئے انتظامات کا جائزہ لینا تھا۔
قرآن محل جہلم پہنچنے پر نگران قرآن محل اصغر مرزا اور چوہدری اشرف حیات نے ریسکیو افسران کا استقبال کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر سعید احمد اور ان کی ٹیم کو مقدس اوراق جمع کرنے، ان کی دیکھ بھال اور انہیں انتہائی احتیاط اور احترام کے ساتھ محفوظ کرنے کے طریقۂ کار کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
بریفنگ کے دوران قرآن محل میں مقدس اوراق کی حفاظت کے لیے کیے جانے والے اقدامات اور اس مقصد کے لیے اختیار کیے گئے طریقۂ کار سے آگاہ کیا گیا۔ ریسکیو ٹیم نے بھی اس عظیم مقصد کے لیے کی جانے والی کوششوں کا مشاہدہ کیا۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر سعید احمد نے قرآن محل کے قیام اور قرآن پاک کے شہید نسخوں سمیت دیگر مقدس اوراق کی حفاظت و حرمت کے لیے جاری خدمات کو سراہا۔ انہوں نے قرآن محل کی انتظامیہ کو اس بابرکت اور قابلِ تحسین مشن پر مبارکباد پیش کی۔
انجینئر سعید احمد نے یقین دہانی کرائی کہ ریسکیو 1122 جہلم اس مقدس مقصد کی پیش رفت اور متعلقہ امور میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔
دورے کے دوران مقدس اوراق کی حفاظت کے لیے قرآن محل کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ اس بابرکت مشن کو مزید مؤثر انداز میں آگے بڑھانے کے لیے باہمی تعاون جاری رکھا جائے گا۔



