جہلم میں خشک سردی کی شدید لہر، گیس پریشر میں کمی اور بندش کا سلسلہ عروج پرپہنچ گیا

جہلم: خشک سردی کی شدید لہر کے دوران گیس پریشر میں کمی اور بندش کا سلسلہ عروج پرپہنچ گیا، شہری ایل پی جی سلنڈرز ، لکڑیاں اور کوئلے مہنگے داموں خریدنے پر مجبور ، شہری سراپا احتجاج ہیں۔
تفصیلات کے مطابق جہلم شہرسمیت ملحقہ علاقوں میں سردی شروع ہونے سے قبل ہی گیس کا کم پریشر اور بندش کا سلسلہ شروع کر دیا گیا تھا جو تاحال تواترکے ساتھ جاری ہے، جس کے باعث معمولات ِزندگی درہم برہم ہوکر رہ گئے ہیں،صارفین کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ چکے ہیں۔
دوسری جانب مارکیٹ میں لکڑی700 روپے سے 800 روپے فی من اور کوئلہ 150 روپے فی کلو فروخت ہورہا ہے جبکہ ایل پی جی گیس بھی 280 روپے فی کلو گرام فروخت ہو رہی ہے۔
شہریوں نے نگران وزیراعظم پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ رہائشی علاقوں میں گیس کی سپلائی کو یقینی بنایا جائے تاکہ صارفین بہتر انداز میں زندگیاں بسر کر سکیں۔



