پاکستان پوسٹ کی ’’تیز ترین‘‘ سروس کا انوکھا کارنامہ، چکوڑہ سے گوجرخان پہنچنے میں UMS خط کو سات روز لگ گئے

پڑی درویزہ: پاکستان پوسٹ کی ارجنٹ میل سروس (UMS) کی کارکردگی پر سوالات اٹھنے لگے. چکوڑہ تحصیل چکوال سے گوجرخان بھیجا جانے والا ایک خط پورے سات روز بعد اپنی منزل پر پہنچا۔ عوامی و سماجی حلقوں نے اس تاخیر کو محکمہ پاکستان پوسٹ کی کارکردگی کے لیے تشویش ناک قرار دیتے ہوئے متعلقہ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ پیر 26 اکتوبر 2026ء کو چکوڑہ تحصیل چکوال سے پرنسپل میونسپل کمیونٹی ہائیر سیکنڈری سکول گوجرخان کے نام ایک خط بذریعہ UMS (ارجنٹ میل سروس) ارسال کیا گیا۔ خط بھیجنے والے اور وصول کنندہ کے درمیان دیگر ذرائع سے رابطہ تو ہو گیا، تاہم پاکستان پوسٹ کے ذریعے بھیجا گیا خط مقررہ مقام پر بروقت نہ پہنچ سکا۔

مذکورہ خط بالآخر پورے سات روز بعد 2 نومبر 2026ء کو پرنسپل میونسپل کمیونٹی ہائیر سیکنڈری سکول گوجرخان ضلع راولپنڈی کو موصول ہوا۔ ارجنٹ میل سروس کے ذریعے بھیجے گئے خط کی اس قدر تاخیر سے ترسیل پر عوامی و سماجی حلقوں نے حیرت کا اظہار کیا ہے۔

ان حلقوں کا کہنا ہے کہ ارجنٹ میل سروس کا بنیادی مقصد ڈاک کی تیز رفتار ترسیل ہے، لیکن سات روز میں ایک خط کی منزل تک رسائی محکمہ پاکستان پوسٹ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے اس صورتحال کو محکمہ کی جدید ترین اور تیز ترین سروس کے دعوؤں کے برعکس قرار دیا۔

عوامی و سماجی حلقوں نے پاکستان پوسٹ کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ خط کی ترسیل میں تاخیر کا نوٹس لیا جائے، ذمہ داران کا تعین کیا جائے اور اصلاحِ احوال کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں، تاکہ مستقبل میں شہریوں کو اس قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے اور پاکستان پوسٹ کی سروس پر عوام کا اعتماد برقرار رہ سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button