نئے سال کے پہلے ہی ہفتے مہنگائی میں اضافہ
جہلم: نئے سال میں بھی ضلع جہلم سمیت ملک بھر میں مہنگائی کی شرح میں اضافے کا رجحان جاری ہے، رواں ہفتے گرانی کی شرح میں 0 اعشاریہ 81 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔
وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 19 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ جبکہ 9 کی قیمتوں میں کمی ہوئی اور23 اشیائے ضروریہ کی قیمتیں مستحکم رہیں۔
اعدادوشمار میں بتایا گیا ہے کہ حالیہ ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر،چکن،انڈے ،پیاز،چینی اور دالوں سمیت کئی اشیاء مہنگی ہوئیں جن میں ٹماٹرکی قیمتوں میں16 اعشاریہ 04 فیصد، چکن کی قیمتوں میں13 اعشاریہ 98 فیصد،انڈا 3 اعشاریہ 20 فیصد، دال مونگ 1 اعشاریہ 68 فیصد،دال چنا 2 اعشاریہ 12 فیصد اور چینی کی قیمتوں میں2 اعشاریہ 04فیصد، ایل پی جی 1 اعشاریہ 19فیصد اور آگ جلانے والی لکڑی کی قیمتوں میں0 اعشاریہ 51 فیصد اضافہ ہوا۔
اس کے برعکس آلو کی قیمت میں8 اعشاریہ 68 فیصد،چائے 1 اعشاریہ 29فیصد، کوکنگ آئل اورویجیٹیبل گھی0 اعشاریہ 54 فیصد،واشنگ سوپ 0 اعشاریہ 47فیصد،دال ماش 0 اعشاریہ 36 فیصد اور آٹے کی قیمتوں میں0 اعشاریہ 23 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔
اعدادوشمار میں بتایا گیا ہے کہ حالیہ ہفتے کے دوران حساس قیمتوں کے اشاریہ کے لحاظ سے سالانہ بنیادوں پر 17 ہزار 732روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلیے مہنگائی کی شرح 35 اعشاریہ 33فیصد اور 17 ہزار 733روپے سے 22 ہزار 888روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلیے گرانی کی شرح 40 اعشاریہ 20فیصد رہی ہے۔
اسی طرح 22 ہزار 889روپے سے 29 ہزار 517 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلیے مہنگائی کی شرح 46 اعشاریہ 38فیصد، اور 29 ہزار 518روپے سے 44ہزار 175 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلیے 43 اعشاریہ 75فیصد رہی۔
اعدادوشمار کے مطابق 44 ہزار 176روپے ماہانہ سے زائد آمدنی رکھنے والے طبقے کیلیے مہنگائی کی شرح 41 اعشاریہ 35فیصدرہی ہے۔



