مہنگائی کے دور میں گیس کے بلوں میں حالیہ اضافے نے صارفین کی چیخیں نکلوادیں

جہلم: مہنگائی کے دور میں گیس کے بلوں میں حالیہ اضافے نے صارفین کی چیخیں نکلوادیں۔ اوگرا میٹر رینٹ کے نام پر فکس 400 روپے جس کے اوپر پھر 18 فیصد ٹیکس لگا کر کل 645 روپے صرف میٹرکرائے کی مد میں وصول کر رہا ہے، حکومت وقت سے ٹیکسوں میں حالیہ اضافہ فوری واپس لینے کا مطالبہ کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق گھریلو گیس کی قیمتوں میں اضافے نے صارفین کی چیخیں نکلوادی ہیں جس پرصارفین سراپا احتجاج ہیں۔ لوگ اپنے بھاری بھر کم بل لے کر گیس کے دفتر کے چکر لگا رہے ہیں۔

صارفین کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں تو دو وقت کا کھانا تک میسر نہیں اور حکومت بجلی ، گیس اور پٹرولیم مصنوعات کے ٹیکسز میں آئے روز اضافہ کر رہی ہے جس سے عام آدمی کے حالات دن بدن بدتر ہوتے جا رہے ہیں اور عوام خودکشیاں کرنے پر مجبور ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ گیس کے دفتر میں بھی صارفین کی کوئی شنوائی نہیں ہوتی ، متعلقہ افسران صارفین کو بتاتے ہیں کہ یہ کام منتخب نمائندوں کا ہے جن کی مرضی سے ٹیکسز میں اضافہ کیا جارہاہے ۔

صارفین نے چیف جسٹس آف پاکستان سے مطالبہ کیاہے کہ بجلی گیس اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی جائے تاکہ عام آدمی باعزت طریقے سے زندگی کی سانسیں لے سکے ۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button