کھیوڑہ کے شہریوں کا ایل سی آئی کھیوڑہ سوڈا ایش فیکٹری کے خلاف احتجاج

کھیوڑہ: ایل سی آئی کھیوڑہ سوڈا ایش فیکٹری کے خلاف اہلیان علاقہ کا بھرپور احتجاج، اسسٹنٹ کمشنر پنڈدادنخان کی احتجاج کے دوران ڈیرہ گولا پر آمد اور اہل علاقہ کو پر امن رہنے کی تلقین کی۔
ڈھوگ قاضی، ڈھوگ گولا، ڈھوک ڈوی اور تمام ڈیراجات کے مکینوں نے ایل سی آئی کی ظلم و بربریت کے خلاف بھرپور احتجاج کیا۔
علاقہ مکینوں کا کہنا تھا کہ ایل سی آئی نے زہریلی گیس اور تیزاب ملے پانی کی وجہ سے ہماری انسانی، حیوانی اور نباتاتی زندگی کو تقریباً ختم کر کے رکھ دیا ہے، اس تمام ظلم اور جبر کے بعد ایل سی آئی نے سا بق اسسٹنٹ کمشنر ملک نور زمان کے سا تھ ساز باز کرکے عرصہ دو سال سے خفیہ طور پر جگہ کی ایکوئرمنٹ کا سلسلہ شروع کیا ہوا تھا جس کی اہل علاقہ کو کوئی خبر نہ تھی۔
اہلیان علاقہ نے وزیر اعلی پنجاب مریم نواز اور حکام بالا سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ سابق اسسٹنٹ کمشنر کے خلاف انکوائری کر کے محکمانہ کارروائی کی جائے اور ہمیں اس ظلم سے بچایا جائے۔
احتجاج کے موقع پر اسسٹنٹ کمشنر پنڈدادنخان اسامہ شہرون نیازی بھی پہنچ گئے، انہوں نے لوگوں کو پرامن رہنے کی تلقین کی اور یقین دہانی کرائی کہ آپ کے تمام مطالبات حکام بالا تک پہنچاؤں گا اور آپ کی دادرسی کی جائے گی جس پر تمام لوگ پرامن طور پر منتشر ہو گئے۔



