حکمرانوں کی جانب سے مہنگائی کم کرنے کے دعوے جھوٹ کے پلندے کے سوا کچھ نہیں، انجمن تاجران

جہلم: مرکزی انجمن تاجران کے ممبران نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی جانب سے مہنگائی کم کرنے کے دعوے جھوٹ کے پلندے کے سوا کچھ نہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف ، بلاول بھٹو تقریروں میں 300 یونٹس بجلی مفت دینے اور مہنگائی کم کرنے کے بلند و بانگ دعوے کئے۔ مگر سیاست دانوں نے برسر ِ اقتدار آنے کے بعد عوام کو مہنگائی کی چکی میں ڈال دیاہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مہنگائی کے حوالے سے پرامن احتجاج کرتے ہوئے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ گندم، آٹا، چاول دالیں ایل پی جی سوئی گیس سمیت دیگر اشیاء کی قیمتیں گزشتہ ایک ہفتہ میں بڑ ھی ہیں جو کہ حکومتی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے جبکہ ایک ماہ میں بجلی کی قیمتوں میں چار بار اضافہ کرنا غریب مزدور ، محنت کش ، عام آدمی کے ساتھ ظلم کرنے کے مترادف ہے۔
تاجر تنظیموں کے عمائدین نے کہا کہ حکمران ہوش کے ناخن لیں، بے تحاشا ٹیکسوں اور بجلی کے بلوں میں اضافے کو فوری واپس لیا جائے۔ بجلی مہنگی ہونے کے باوجود گھنٹوں کی اعلانیہ و غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا عذاب صارفین کو برداشت کرنا پڑرہاہے ۔
تاجر تنظیموں کے عمائدین نے وزیراعظم پاکستان سے مطالبہ کیاکہ بجلی کرنرخ 2019 کے نرخوں کے مطابق لاگو کئے جائیں تاکہ وطن عزیز میں جاری جرائم کی لہر کا خاتمہ ہو سکے ۔



