کھیوڑہ کے مقامی افراد کا نجی فیکٹری کے خلاف کھیوڑہ روڈ پر احتجاج

کھیوڑہ/ پنڈدادنخان: مقامی نجی فیکٹری کی طرف سے محکمہ مال کے ملازمین کی ملی بھگت سے ساڑھے 23سو کنال اراضی کوڑیوں کے مول خریدنے کے خلاف کھیوڑہ روڈ پر احتجاج، مظاہرین نے جہلم چکوال روڈ کو بلاک کر دیا۔
احتجاجی مظاہرین نے مقامی فیکٹری، سابق اسسٹنٹ کمشنر، تحصیلدار، گردار اور پٹواری کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے کہا کہ زمین مالکان سے پوشیدہ طور پر ایکوائرزیشن کو پراسس تین سال چلتا رہا انکشاف ہونے پر 500 گھرانے سڑکوں پر آ گئے۔
احتجاجی مظاہرین کا کہنا ہے کہ مقامی فیکٹری ہماری زمینیں 3500 روپے مرلہ خریدنا چاہتی ہے ہم فیکٹری مالکان سے کہتے ہیں کہ 5 ہزار روپے مرلہ کے حساب سے پوری فیکٹری ہمیں دے دیں ہم خرید لیں گے فیکٹری مالکان کو مکمل طور پر محکمہ مال پنجاب کے سابق ملازمین کی حمایت حاصل تھی۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ ہم کسی طور پر بھی اپنی زمینوں کو بیچنے کے لیے تیار نہیں ہیں ہم اپنی زمینیں بچانے کے لیے ہر حد تک جائیں گے کیونکہ ان زمینوں پر نہ صرف ہماری رہائش گاہیں موجود ہیں بلکہ ہمارے سکول ہماری عبادت گاہیں اور ہمارے قبرستان تک یہاں موجود ہیں۔
مظاہرین نے اسسٹنٹ کمشنر پنڈدادنخان سے مذاکرات کے بعد روڈ کو ٹریفک کے لیے کھول دیا۔



