ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او جہلم کا دینہ اور جہلم کے امام بارگاہوں کا دورہ، سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا

ڈپٹی کمشنر جہلم سیدہ رملہ علی اور ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ نے دینہ میں تھانہ منگلا کینٹ کے علاقہ میں امام بارگاہ حسینی اور جہلم میں تھانہ سٹی کے علاقہ میں امام بارگاہ زینبیہ میں جاری مجالس کا دورہ کیا۔
ڈی پی او جہلم اور ڈی سی جہلم نے سکیورٹی و دیگر انتظامات چیک کیے اور جلوس کے منتظمین، لائسنس ہولڈرز اور شرکاء سے بھی ملاقات کی جبکہ سکیورٹی اور دیگر انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔
ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز نے ڈی پی او جہلم کو سکیورٹی اور دیگر انتظامات کے بارے میں بریف کیا، ڈی پی او جہلم نے محرم الحرام کے حوالے سے مناسب ہدایات جاری کیں اور کہا کہ شرکاء کو چیکنگ کے بعد داخلے کی اجازت دی جائے، عمارتوں پر ماہر نشانہ باز تعینات کیے جائیں۔
ڈپٹی کمشنر جہلم سیدہ رملہ علی اور ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے گا، پولیس افسران و جوان محرم الحرام کے دوران الرٹ ڈیوٹیز سر انجام دے رہے ہیں۔



