امارات کے وزٹ ویزہ قوانین کی خلاف ورزی پر نئی وارننگ

دبئی: پاکستانیوں کو وارننگ جاری کی گئی ہے متحدہ عرب امارات کے وزٹ ویزہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو روانگی کے وقت روک دیا جائے گا۔
خلیج ٹائمز کے مطابق متحدہ عرب امارات وزٹ ویزے پر آنے والے پاکستانی شہریوں کا پاکستان کے ہوائی اڈوں پر معائنہ کیا جائے گا اور اگر وہ ہوٹل میں قیام، درکار فنڈز اور ریٹرن ٹکٹ جیسی ضروریات پوری نہیں کرتے تو انہیں وہاں پر ہی روک دیا جائے گا۔
ٹریول انڈسٹری کے ایگزیکٹوز کا کہنا ہے کہ پاکستان اور دیگر ممالک سے وزٹ ویزہ پر متحدہ عرب امارات آنے والے سیاحوں کے پاس 3 ہزار درہم، واپسی کا ٹکٹ اور ہوٹل میں رہائش یا خاندان کے کسی فرد کے ساتھ رہائش کا ثبوت ہونا ضروری ہے، جو لوگ ان معیارات کو پورا کرنے میں ناکام رہتے ہیں انہیں یو اے ای میں داخلے کی اجازت نہیں دی جاتی اور ان کے آبائی ممالک کو واپس بھیج دیا جاتا ہے۔
دبئی میں پاکستان کے 77 ویں یوم آزادی کی تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے دبئی اور شمالی امارات کے لیے پاکستان کے قونصل جنرل حسین محمد نے متحدہ عرب امارات میں مقیم تمام پاکستانیوں پر زور دیا کہ وہ مقامی قوانین کی پابندی کریں، ان کا احترام کریں اور میزبان ملک کی روایات اور معاشرے میں مثبت کردار ادا کریں، متحدہ عرب امارات میں قوانین پر سختی سے عمل درآمد کیا جاتا ہے اور کسی بھی خلاف ورزی میں ملوث افراد کو جرمانے اور قید کی سزا کا سامنا کرنا پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہر پاکستانی ملک کا نمائندہ ہے، لوگ وزٹ ویزے پر متحدہ عرب امارات آتے ہیں لیکن کچھ وزٹ ویزے کی شرائط کو پورا نہیں کرتے، ہم نے ویزہ کے مسئلے کو اجاگر کیا اور پاکستان میں ایف آئی اے (فیڈرل انویسٹی گیشن اتھارٹی) اور ایئرپورٹ حکام اس پر کام کر رہے ہیں، جو لوگ ضرورت پوری نہیں کرتے ہیں انہیں وہاں پاکستانی ایئرپورٹ پر ہی روک دیا جائے گا۔



