ضلع کونسل ہال جہلم میں نمبردار کنونشن اور سموگ آگاہی مہم کا انعقاد

جہلم: ضلع کونسل ہال جہلم میں نمبرداروں اور زمیندار و کاشتکاروں کے لیے سموگ آگاہی مہم کے سلسلے میں اہم کنونشن منعقد کیا گیا، جس کی صدارت اسسٹنٹ کمشنر جہلم عبداللہ غازی خان نے کی۔ کنونشن میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت توسیع تحصیل جہلم قاضی عبیدالرحمن بھی موجود تھے۔

کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر جہلم عبداللہ غازی خان نے تمام زمینداروں، کاشتکاروں اور نمبرداروں کو سختی سے ہدایت کی کہ چاول کی فصل کی برداشت کے بعد باقی رہ جانے والے مڈھوں اور پرالی کو آگ لگانے سے مکمل اجتناب کریں، کیونکہ حکومت کی جانب سے اس عمل پر سخت پابندی عائد ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کرنے والے زمینداروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے، جس کے تحت جرمانہ، قید یا دونوں سزائیں دی جا سکتی ہیں۔

اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ چاول کی پرالی کو جلانے کے بجائے زمین میں دبانے سے نہ صرف زمین کی زرخیزی میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ فضائی آلودگی میں کمی لانے اور ماحول کو صاف رکھنے میں بھی مدد ملتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سموگ انسانی صحت، جانوروں، پودوں اور مجموعی ماحولیات کے لیے انتہائی نقصان دہ ہے، اس لیے ضروری ہے کہ تمام کاشتکار فصلوں کی باقیات کو جلانے کے بجائے ماحول دوست زرعی طریقے اختیار کریں۔

کنونشن کے ذریعے نمبرداروں اور زمینداروں پر زور دیا گیا کہ وہ سموگ کے خاتمے کے لیے حکومتی ہدایات پر عمل کریں اور اپنے علاقوں میں دیگر کاشتکاروں کو بھی فصلوں کی باقیات جلانے کے نقصانات اور قانونی پابندیوں سے آگاہ کریں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button