ویزہ ایمنسٹی سکیم کے تحت امارات سے واپسی پر سستی ایئرٹکٹوں کا اعلان

دبئی: متحدہ عرب امارات کی ویزہ ایمنسٹی سکیم کے تحت یو اے ای سے وطن واپسی پر سستی ایئرٹکٹوں کا اعلان کردیا گیا۔

خلیج ٹائمز کے مطابق فیڈرل اتھارٹی برائے شناخت، شہریت، کسٹمز اور پورٹ سیکیورٹی (ICP) نے کہا ہے کہ جو غیر قانونی رہائشی متحدہ عرب امارات کے ویزہ ایمنسٹی پروگرام سے فائدہ اٹھائیں گے اور ملک چھوڑنے کا فیصلہ کریں گے انہیں رعایتی پرواز کے ٹکٹ پیش کیے جائیں گے۔

جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ریذیڈنسی اینڈ فارنرز افیئرز (جی ڈی آر ایف اے) دبئی کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل عبید محیر بن سرور نے بتایا کہ اس مقصد کے لیے ایمریٹس، اتحاد اور ایئر عربیہ سمیت متحدہ عرب امارات کی دیگر ایئرلائنز سے رابطہ کیا گیا ہے تا کہ ان لوگوں کے لئے رعایتی ایئر ٹکٹوں کا انتظام کیا جاسکے جو ملک چھوڑنا چاہتے ہیں لیکن انہیں مالی مشکلات کا سامنا ہے۔

فیڈرل اتھارٹی فار آئیڈنٹٹی، سٹیزن شپ، کسٹمز اینڈ پورٹ سیکیورٹی (ICP) نے ملک میں غیر قانونی طور پر مقیم افراد کی رہائشی حیثیت درستگی کے لیے متعارف کرائی جانے والی ویزہ ایمنسٹی سے متعلق مزید وضاحت بھی جاری کی ہے، اس ضمن میں کہا گیا ہے کہ ایمنسٹی پروگرام تمام قسم کے ویزوں کا احاطہ کرتا ہے جن میں سیاحتی اور معیاد ختم ہونے والے رہائشی ویزے بھی شامل ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ وہ لوگ جو بغیر کسی دستاویزات کے حامل والدین کے ہاں پیدا ہوئے تھے وہ بھی سکیم سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں اور اپنی حیثیت کو درست کرسکتے ہیں، یہ ان لوگوں کے لیے بہترین موقع ہے جو متحدہ عرب امارات میں غیر قانونی طور پر مقیم ہیں یا تو اپنی رہائش کی حیثیت کو باقاعدہ بنائیں یا جرمانے کے بغیر ملک چھوڑ دیں، ملک سے جانے والے ایسے افراد سے زائد قیام پر جرمانہ یا ایگزٹ فیس وصول نہیں کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button