جہلم میں 17 سالہ مسیحی نوجوان کا قتل، پارلیمانی سیکرٹری سونیا عاشر کی ڈی پی او جہلم سے ملاقات

جہلم میں 17 سالہ مسیحی نوجوان کے قتل کے حوالے سے پارلیمانی سیکرٹری سونیا عاشر کی ڈی پی او جہلم سے ملاقات کی،پارلیمانی سیکرٹری نے پولیس کی اب تک کی کاوشوں کو سراہا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر سونیا عاشر پارلیمانی سیکرٹری برائے انسانی حقوق و اقلیتی امور ڈسٹرکٹ پولیس آفس جہلم کا دورہ کیا۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم ناصر محمود باجوہ نے رکن صوبائی اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری سونیا عاشر کو ڈی پی او آفس جہلم آمد پر خوش آمدید کہا۔
ڈی پی او جہلم نے ڈی ایس پی سٹی کے ہمراہ مسیحی برادری سے تعلق رکھنےوالے 17 سالہ نوجوان داؤد مائیکل کے قتل کی تفتیش میں اب تک ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ پارلیمانی سیکرٹری سونیا عاشر نے پولیس کی ابتک کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ملزمان کو جلد قانون کے کٹہرے میں لا کھڑا کرنے کی امید ظاہر کی۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم ناصر محمود باجوہ نے کہا کہ قتل کے اندوہناک واقعہ میں ملوث کرداروں کو جلد بے نقاب کر کے مدعیان کو انصاف کی فراہمی اور ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔
یاد رہے کہ 13 نومبر کو کرسچن کالونی جہلم کے رہائشی 17 سالہ داؤد مائیکل کی لاش دریائے جہلم کے قریب گرین بیلٹ سے ملی تھی۔ نوجوان کو فائرنگ کر کے قتل کیا گیا تھا۔ نوجوان اپنی والدہ کو سول ہسپتال ڈیوٹی پر چھوڑ کر غائب ہو گیا تھا،مقتول کے پاس موٹرسائیکل بھی تھا جو غائب ہے۔



