ضلع جہلم کے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے فنڈز کا اجراء جاری ہے، بابر علاؤالدین

جہلم: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر چیئرپرسن وزیر اعلیٰ پنجاب ڈائریکٹوریٹ برائے ایویلیوایشن، فیڈ بیک، انسپکشن اینڈ مانیٹرنگ بریگیڈیئر بابر علاؤالدین ستارہ امتیاز ملٹری (ر) نے ضلع جہلم کا دورہ کیا اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مختلف محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔
ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے چیئرپرسن کو ضلعی پروفائل اور محکموں کی کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دی۔
چیئرپرسن بابر علاؤلدین نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق یہ دورہ ضلعی محکموں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے کیا گیا ہے تاکہ تمام ادارے حکومت پنجاب کے KPIs پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔

انہوں نے ضلعی سربراہان کو ہدایت کی کہ عوامی فلاح و بہبود پر بھرپور توجہ دیں اور غفلت کی صورت میں متعلقہ محکموں کے سربراہان کو ذمہ دار ٹھہرایا جائے۔ خاص طور پر محکمہ تعلیم، صحت اور میونسپل اداروں کو بہترین خدمات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
چیئرپرسن نے ضلعی ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے انتظامی افسران کو صحت مراکز، اسکولز اور دیگر سرکاری اداروں کی مانیٹرنگ کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ڈی سی آفس کے احاطہ میں پودا لگایا اور شجر کاری مہم کو بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔
چیئرپرسن بابر علاؤالدین نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے عوامی فلاحی منصوبوں جیسے سولر پینلز، دھی رانی پروگرام، آسان لائسنس پروگرام، ای ٹینڈرنگ، ستھرا پنجاب اور سیف سٹی پروگرام پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں کا مقصد عوام کو جدید سہولتیں فراہم کرنا اور صوبے کی ترقی کو تیز کرنا ہے۔ سرکاری اسپتالوں کی جدید مشینری سے آراستگی اور تعلیم کے شعبے میں اصلاحات پر بھی زور دیا۔

انجمن تاجران کے وفد سے ملاقات کر کے ان کے مسائل کے حل کے لیے جلد اقدامات کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ حکومت پنجاب تاجروں کے مسائل کے حل کے لیے اقدامات اٹھا رہی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بابر علاؤالدین نے کہا کہ سوشیو اکنامک رجسٹری، دھی رانی پروگرام، سولر پروگرام، ستھرا پنجاب، سیف سٹی جیسے عوامی اقدامات پر عوامی آگاہی ضروری ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کے اہم اقدامات کی بھرپور تشہیر ضروری ہے تاکہ شہری زیادہ سے زیادہ مستفید ہو سکیں۔
انہوں نے کہا کہ دھی رانی، سوشیو اکنامک رجسٹری، سولر پینل اور سیف سٹی جیسے منصوبے عوامی خدمت کا عملی ثبوت ہیں۔ ترقیاتی منصوبوں میں معیار پر ہرگز کوئی رعایت نہیں دی جائے گی ۔ ترقیاتی منصوبوں کی سخت مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے فنڈز کا اجرا جاری ہے ۔
بابر علاؤالدین نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کا فائدہ ہر شہری تک پہنچایا جائے گا ۔ عوامی فلاحی منصوبوں میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ سیوریج اور تجاوزات کے مسائل حل کرنا اولین ترجیح ہے۔ تمام سرکاری اسپتالوں میں طبی سہولیات اور جدید مشینری فراہم کی جارہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صحت، تعلیم اور عوامی سہولیات کی فراہمی میں مزید بہتری لائی جا رہی ہے ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کے تمام اقدامات عوامی فلاح و بہبود کے لیے ہیں۔ حکومت کے منصوبے تمام طبقات کی فلاح و بہبود کے لیے ہیں۔



