جہلم میں بم کی اطلاع، بم ڈسپوزل سکواڈ اور پولیس کی بروقت کارروائی سے ممکنہ خطرہ ٹل گیا

جہلم میں کینٹ چوک جی ٹی روڈ پر سہ پہر تین بجے کے قریب ایک مشکوک اور لاوارث بیگ کی اطلاع پر سول ڈیفنس بم ڈسپوزل سکواڈ نے فوری طور پر کارروائی کی۔
پولیس چوکی کینٹ کی اطلاع پر بم ڈسپوزل ٹیم موقع پر پہنچی، علاقے کو گھیرے میں لیا گیا اور جی ٹی روڈ پر ٹریفک کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا۔
بم ڈسپوزل ٹیم نے جدید آلات اور بم پروف سوٹ کے ذریعے مشکوک بیگ کی تلاشی لی۔ چیکنگ کے دوران بیگ میں کوئی بارودی مواد نہیں پایا گیا، جس کے بعد علاقے کو کلیئر قرار دے دیا گیا اور جی ٹی روڈ پر ٹریفک بحال کر دی گئی۔ لاوارث بیگ کو مزید کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔
سول ڈیفنس اور پولیس کی بروقت کارروائی سے کسی ممکنہ ناخوشگوار واقعے سے بچا گیا، جس پر عوام نے اطمینان کا اظہار کیا۔ حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی مشکوک چیز یا سرگرمی کی فوری اطلاع دیں تاکہ عوامی تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔



