پولیس تحفظ مرکز جہلم میں کریکٹر سرٹیفکیٹ کے حصول کیلئے آنے والا اشتہاری مجرم دھر لیا گیا

جہلم: پولیس تحفظ مرکز جہلم میں کریکٹر سرٹیفکیٹ کے حصول کے لئے آنے والے اشتہاری مجرم کو گرفتار کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق محمد وقاص نامی شخص کریکٹر سرٹیفکیٹ کے لیے پولیس تحفظ مرکز میں آیا، جس کا ریکارڈ چیک کرنے پر معلوم ہوا کہ وہ ایک اشتہاری مجرم ہے۔ محمد وقاص سال 2017 سے لاہور پولیس کے زیر تفتیش تھا اور تیز رفتاری کے مقدمہ میں مطلوب تھا۔
جہلم پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اشتہاری مجرم کو گرفتار کر کے تھانہ سٹی منتقل کر دیا۔ پولیس حکام نے بتایا کہ مجرم اشتہاری کو آئندہ کارروائی کے لیے متعلقہ پولیس ضلع لاہور کے حوالے کیا جائے گا۔
ڈی پی او جہلم، طارق عزیز سندھو نے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو سراہا اور کہا کہ اس کی مدد سے جرائم کے خاتمے اور ملزمان کی گرفتاری کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے پولیس تحفظ مرکز کے عملے کی فوری کارروائی پر شاباش دیتے ہوئے مزید کہا کہ اس قسم کی کارکردگی کو جاری رکھا جائے گا۔



