سوہاوہ کے شہریوں کو پانی فراہم کرنے کی ذمہ دار میونسپل کمیٹی کے اپنے دفتر میں پینے کا پانی نایاب

سوہاوہ: شہریوں کو پانی فراہم کرنے کی ذمہ دار میونسپل کمیٹی سوہاوہ کے اپنے دفاتر میں پینے کا پانی تک دستیاب نہیں۔ واش رومز میں پانی نہ ہونے کے باعث دفتری عملہ اور سائلین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

ذرائع کے مطابق میونسپل کمیٹی جہلم کے دفتر میں نہ تو واٹر سپلائی کا پانی دستیاب ہے اور نہ ہی ٹینکرز کے ذریعے پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔ عملہ نے متعدد بار چیف آفیسر کو دفتر میں پانی کے انتظامات کے لیے درخواست دی مگر مسلسل غیر حاضر چیف آفیسر نے کوئی نوٹس نہیں لیا۔

میونسپل کمیٹی میں رمضان پیکج کی رجسٹریشن جاری ہے جس کے لیے روزانہ تحصیل بھر سے سینکڑوں مرد و خواتین رجسٹریشن کروانے آ رہے ہیں۔ ان کے ساتھ آنے والے بچوں کے لیے نہ تو پینے کے پانی کا انتظام ہے اور نہ ہی بیٹھنے کی مناسب جگہ موجود ہے۔ واش رومز میں پانی کی عدم دستیابی کی وجہ سے عملے اور شہریوں کو مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

میونسپل کمیٹی سوہاوہ میں پہلے ہی افسران و عملے کی شدید کمی ہے، لیکن جو افسران موجود ہیں وہ بھی اپنی ذمہ داریوں سے غافل ہیں اور دفاتر میں کم ہی نظر آتے ہیں۔ دفتر میں ایک نجی فلاحی ادارے کی جانب سے پینے کے صاف پانی کے لیے فلٹر پلانٹ نصب کیا گیا تھا جو چیف آفیسر کی عدم دلچسپی کے باعث تاحال فعال نہیں ہو سکا۔

شہریوں نے ڈپٹی کمشنر جہلم اور اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ میونسپل کمیٹی کے دفاتر اور شہریوں کے مسائل کا حل ممکن ہو سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button