جہلم شہر میں غیر قانونی رکشہ اسٹینڈز کے خلاف آپریشن میں سست روی، شہری پریشان

جہلم شہر بھر میں غیر قانونی رکشہ اسٹینڈز کے خاتمے میں ناکامی، شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا۔ شاندار چوک، محمدی چوک، قبرستان چوک، ریلوے روڈ، روہتاس روڈ، چوک جادہ، ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال، میجر اکرم شہید روڈ، ڈنگی پلی، نیابازار اور دیگر اہم مقامات پر تجاوزات کے خلاف آپریشن کے باوجود غیر قانونی رکشہ اسٹینڈز بدستور قائم ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ نے اندرون شہر اور ضلع بھر میں تجاوزات کے خلاف بلا تفریق آپریشن شروع کر رکھا ہے، تاہم ٹریفک پولیس کی عدم توجہی اور نااہلی کی وجہ سے شہر کے مختلف علاقوں میں رکشہ ڈرائیورز نے غیر قانونی اسٹینڈ قائم کر رکھے ہیں۔ ان غیر قانونی رکشہ اسٹینڈز کی وجہ سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو چکا ہے جبکہ شہریوں کو آمد و رفت میں شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

ٹریفک پولیس کی ناقص حکمت عملی کے باعث رکشہ ڈرائیور بے لگام ہو چکے ہیں، اور ٹریفک کی روانی میں مسلسل خلل پڑ رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ٹریفک پولیس کے اہلکار چنگ چی رکشوں کو کنٹرول کرنے میں مکمل ناکام دکھائی دیتے ہیں۔

متاثرہ شہریوں نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سے فوری نوٹس لینے اور غیر قانونی رکشہ اسٹینڈز کے خاتمے کا مطالبہ کیا ہے، تاکہ ٹریفک کے نظام کو بہتر بنایا جا سکے اور عوام کو درپیش مشکلات کا ازالہ کیا جا سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button