پنجاب کو صاف ستھرا بنانا وزیراعلی پنجاب کا عزم ہے، ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس

جہلم شہر میں صفائی کو یقینی بنانے کے اقدامات کو مزید تیز کیا جائے، شہریوں کی شکایات کسی صورت قابل قبول نہیں۔
ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے اعلی افسران اور ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی صباء سحر سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے افسران نے ڈپٹی کمشنر سے ملاقات کی اور انہیں گزشتہ 15 دن کے دوران شہر میں زیرو ویسٹ ایکٹیوٹی کے حوالے سے کیے گئے اقدامات اور صفائی کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر میثم عباس نے کہا کہ پنجاب حکومت کا ستھرا پنجاب ایک انقلابی منصوبہ ہے اور اس کا نتیجہ شہریوں کے سامنے ہر صورت میں آنا چاہیے، شہریوں کی شکایات پر فوری عمل درامد ہونا چاہیے اور صفائی کے معاملات کو بہتر سے بہتر کرنے کے لیے ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اپنے تمام وسائل استعمال کرے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پنجاب کو صاف ستھرا بنانا وزیراعلی پنجاب کا عزم ہے اور اس عزم کو پایہ تکمیل تک پہنچانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔



