موسم کی تبدیلی کے ساتھ ہی ڈینگی کی افزائش میں اضافے کا خدشہ ہے، ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس

جہلم: میثم عباس نے کہا ہے کہ موسم کی تبدیلی کے ساتھ ہی ڈینگی کی افزائش میں اضافے کا خدشہ ہے، اس لیے تمام متعلقہ محکمے فوری اقدامات کریں تاکہ اس موذی مرض کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر جہلم سید محمد میثم عباس نے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی ریسپانس کمیٹی کے اجلاس میں انسدادِ ڈینگی اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لیے محکمہ صحت کو قبل از وقت تمام حفاظتی تدابیر اختیار کرنی چاہئیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ بیماری کے پھیلنے کے بعد قابو پانے میں دشواری ہوتی ہے، لہٰذا پیشگی اقدامات سے ہی ڈینگی اور دیگر وبائی امراض پر قابو پایا جا سکتا ہے۔
اجلاس میں محکمہ صحت کی جانب سے ڈینگی لاروا کی تلاش اور اس کے خاتمے کے لیے جاری اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ محکمہ صحت کے افسران نے ضلع جہلم اور اس سے ملحقہ علاقوں میں ڈینگی کی موجودہ صورتحال پر رپورٹ پیش کی اور اس کے سدباب کے لیے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔
ڈپٹی کمشنر میثم عباس نے محکمہ صحت سمیت تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ ڈینگی کے تدارک کے لیے صفائی، اسپرے، اور آگاہی مہم کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ عوام کو اس خطرناک بیماری سے محفوظ رکھا جا سکے۔
انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور کسی بھی مشتبہ صورتحال کی فوری اطلاع متعلقہ حکام کو دیں۔
ضلعی انتظامیہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ڈینگی کے خلاف مہم میں کوئی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جائیں گے تاکہ شہریوں کو صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے۔



