بکڑالہ واٹر سپلائی اسکیم سے ایک اور ٹرانسفارمر چوری، چوکیدار پر تشدد


سوہاوہ: دو ماہ بعد بحال ہونے والی بکڑالہ واٹر سپلائی اسکیم ایک بار پھر چوروں کے نشانے پر آ گئی، ایک ماہ میں دوسرا ٹرانسفارمر چوری ہو گیا۔ گزشتہ رات مسلح ڈاکو چوکیدار کو یرغمال بنا کر ٹرانسفارمر سے قیمتی کوائل اور آئل لے اڑے جبکہ چوکیدار کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ایک ہفتہ قبل بھی چوروں نے اسی واٹر سپلائی اسکیم سے ٹرانسفارمر چرا لیا تھا جس کے باعث شہری پہلے ہی پانی کی سہولت سے محروم تھے۔ شفٹ کی تبدیلی پر ڈیوٹی پر آنے والے اہلکار نے چوکیدار کو رسیوں سے بندھا ہوا پایا، جس پر فوری طور پر بلدیہ افسران اور پولیس کو اطلاع دی ۔ پولیس تھانہ سوہاوہ نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے اور تفتیش کا آغاز کر دیا۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ پچھلے دو ماہ سے واٹر سپلائی بند تھی کیونکہ موٹریں خراب ہونے کے باعث شہری پانی سے محروم تھے۔ جیسے ہی موٹروں کی مرمت مکمل ہوئی اور سپلائی بحال کی گئی، چوروں نے ٹرانسفارمر چرا کر ایک بار پھر پانی کی سپلائی بند کر دی۔
یہ پہلا واقعہ نہیں بلکہ اس سے قبل بھی متعدد ٹرانسفارمرز چوری ہو چکے ہیں مگر ابھی تک کسی بھی واردات کا سراغ نہیں لگایا جا سکا۔ مقامی افراد اور شہریوں کا کہنا ہے کہ بلدیہ افسران و اہلکاروں کی غفلت کے باعث واٹر سپلائی اسکیمیں غیر محفوظ ہو چکی ہیں اور چوروں کے لیے ٹرانسفارمر اور موٹریں چرانا معمول بنتا جا رہا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ واٹر سپلائی اسکیموں پر سیکیورٹی کا مناسب بندوبست نہ ہونے کے باعث آئے روز چوری کی وارداتیں ہو رہی ہیں، جبکہ پولیس بھی ان چوروں کا سراغ لگانے میں ناکام دکھائی دے رہی ہے۔ عوام نے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے اور ان وارداتوں میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔



