تحصیل پریس کلب سوہاوہ کے انتخابات مکمل، یاسر فہمید صدر جبکہ محمد نبیل حسن جنرل سیکرٹری منتخب


سوہاوہ: تحصیل پریس کلب سوہاوہ کے انتخابات مکمل ہوگئے، جس میں یاسر فہمید کو صدر، محمد نبیل حسن کو جنرل سیکرٹری اور دیگر عہدیداران کو بلامقابلہ منتخب کر لیا گیا۔
تحصیل پریس کلب سوہاوہ کا فل ہاؤس اجلاس سابق چیئرمین احسن وحید کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں سرپرستِ اعلیٰ حاجی راجہ تنویر پنوار، لیگل ایڈوائزر چوہدری محمد زبیر ایڈووکیٹ، نو منتخب چیئرمین راجہ احتشام ارشد کیانی، سابق صدر شیخ انیس، جنرل سیکرٹری ملک وحید سمیت دیگر عہدیداران اور ممبران نے شرکت کی۔
اجلاس کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے کیا گیا، جس کے بعد رسمی کارروائیوں کا آغاز ہوا۔ اس موقع پر سرپرستِ اعلیٰ، لیگل ایڈوائزر اور چیئرمین نے سال 2025-26 کے لیے نئی کابینہ کا اعلان کیا۔
اعلان کے مطابق یاسر فہمید کو تحصیل پریس کلب سوہاوہ کا صدر منتخب کیا گیا، جبکہ محمد نبیل حسن جنرل سیکرٹری، بلال خالد جائنٹ سیکرٹری، ملک منظور سینئر نائب صدر، وجاہت گل نائب صدر، امتیاز چوہدری فنانس سیکرٹری اور مدثر فاروق کو انفارمیشن سیکرٹری مقرر کیا گیا۔ تمام عہدیداران بلا مقابلہ منتخب ہوئے، جس پر تمام ممبران نے خوشی کا اظہار کیا اور نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کی۔
اجلاس کے دوران ممبران نے نئی کابینہ پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر ایگزیکٹو باڈی کا بھی اعلان کیا گیا، جس میں احسن وحید، شیخ انیس، ملک وحید، عبدالحمید، راجہ ساجد کیانی اور راجہ مدثر کیانی شامل ہوں گے۔
اجلاس کے آخر میں سرپرستِ اعلیٰ حاجی راجہ تنویر پنوار، لیگل ایڈوائزر چوہدری محمد زبیر ایڈووکیٹ اور چیئرمین راجہ احتشام ارشد کیانی نے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
نو منتخب عہدیداران نے اپنی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے نبھانے اور پریس کلب کی ترقی کے لیے بھرپور کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔



