پی آئی اے کا مسافروں کے لیے بڑا اقدام، جاز کیش کے ذریعے ٹکٹ کی خریداری ممکن


پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے مسافروں کی سہولت کے لیے جاز کیش کے ذریعے ٹکٹ خریدنے کی سہولت متعارف کرا دی ہے۔ اس حوالے سے پی آئی اے اور جاز کیش کے اعلیٰ حکام کے درمیان معاہدہ طے پا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، جلد ہی پی آئی اے اور جاز کیش صارفین کو قسطوں پر ایئر لائن ٹکٹس خریدنے کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی، جس سے ہوائی سفر مزید آسان اور قابلِ رسائی ہو جائے گا۔
اس اقدام کے بعد مسافر اب نقد رقم، کریڈٹ کارڈ اور جاز کیش کے ذریعے باآسانی ٹکٹ کی ادائیگی کر سکیں گے، جس سے بکنگ کا عمل مزید سہل اور لچکدار ہو جائے گا۔پی آئی اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ مسافروں کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔
ایئر لائن کے توسیعی منصوبوں پر روشنی ڈالتے ہوئے ترجمان نے مزید کہا کہ پی آئی اے تیزی سے اپنا نیٹ ورک وسیع کر رہا ہے اور جلد ہی نہ صرف اندرون ملک بلکہ یورپ اور برطانیہ کے لیے بھی پروازوں میں اضافہ کرے گا۔



