ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو کا تھانہ ڈومیلی میں کھلی کچہری اور افسران کیساتھ میٹنگ کاانعقاد


سوہاوہ/ ڈومیلی: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) جہلم طارق عزیز سندھو نے تھانہ ڈومیلی میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ کھلی کچہری کے دوران سائلین کے مسائل سنے گئے اور ان کے فوری حل کے لیے موقع پر ہی احکامات جاری کیے گئے۔
ڈی پی او جہلم نے اس موقع پر کہا کہ کھلی کچہریوں کا مقصد عوامی شکایات کا فوری ازالہ کرنا اور پولیس کو عوام کے سامنے جوابدہ بنانا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کی شکایات کا مکمل ریکارڈ آن لائن سافٹ ویئر کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم میں محفوظ کیا جاتا ہے، جہاں ہر درخواست پر مقرر کردہ ٹائم لائن کے مطابق متعلقہ افسران سے فالو اپ لیا جاتا ہے۔
ڈی پی او جہلم نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ کسی بھی شہری کو بلاوجہ پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
بعدازاں ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے تھانہ ڈومیلی میں تفتیشی افسران کے ساتھ خصوصی اجلاس کی صدارت کی، جس میں ایس ایچ او تھانہ ڈومیلی اور دیگر تفتیشی افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران زیر تفتیش مقدمات، نامکمل چالان اور پراسیکیوشن کے عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ڈی پی او جہلم نے ہدایت کی کہ تفتیشی افسران پراسیکیوشن ڈیپارٹمنٹ سے قریبی رابطہ رکھتے ہوئے مقدمات کی بروقت یکسوئی اور عدالتوں میں بروقت ترسیل کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے تاکید کی کہ تمام ایس ایچ اوز اس بات کو یقینی بنائیں کہ مقدمات کے چالان قانونی مدت 14 دن کے اندر عدالتوں میں جمع ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو بروقت انصاف کی فراہمی اولین ترجیح ہے، اس لیے زیر تفتیش مقدمات کو جلد نمٹانے اور رپورٹ 173 ض ف کو بروقت عدالتوں میں بھیجنے پر خصوصی توجہ دی جائے۔ سپروائزری افسران کو بھی ہدایت کی گئی کہ وہ تھانوں میں ایس ایچ اوز اور تفتیشی افسران کے ساتھ مستقل بنیادوں پر اجلاس منعقد کریں، زیر التوا کیسز کا فوری فیصلہ کریں اور روڈ سرٹیفکیٹس کی یکسوئی کو یقینی بنائیں۔
ڈی پی او جہلم نے کہا کہ تمام تھانوں اور سرکل افسران کی کارکردگی کو روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کیا جا رہا ہے، اور اس حوالے سے سختی سے نگرانی کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ بہترین کارکردگی دکھانے والے افسران کی حوصلہ افزائی کی جائے گی، جبکہ ناقص کارکردگی پر سخت بازپرس کی جائے گی۔



