ککرالہ تا تتروٹ سڑک بارش میں بہہ گئی، ڈپٹی کمشنر کا نوٹس، ٹیم نے ناقص تعمیر شدہ سڑک کا جائزہ لیا

سوہاوہ: جہلم اپڈیٹس کی خبر پر ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو متحرک کردیا۔

تفصیلات کے مطابق حالیہ بارشوں کے باعث نئی تعمیر شدہ ککرالہ تا تتروٹ پدھری سڑک شدید متاثر ہوگئی اور بعض مقامات پر مکمل بہہ گئی۔ جہلم اپڈیٹس اور تحصیل پریس کلب سوہاوہ نے اس صورتحال پر ضلعی انتظامیہ کو آگاہ کیا، جس کے بعد ڈی سی جہلم نے فوری ایکشن لیتے ہوئے متعلقہ افسران اور ٹیموں کو موقع پر بھیج دیا۔

تحصیل سوہاوہ کے علاقے ڈومیلی میں کچھ عرصہ قبل تعمیر ہونے والی اس سڑک میں ناقص میٹیریل کے استعمال کی نشاندہی پہلے ہی کی جا چکی تھی، لیکن اس وقت انتظامیہ نے کوئی کارروائی نہیں کی۔ حالیہ بارشوں کے باعث سڑک کا معیار بے نقاب ہوگیا اور ڈھوک نگیال چڑھائی کے نیچے سے زمین بیٹھ گئی، جس سے ٹریفک مکمل طور پر معطل ہوگئی۔

جہلم اپڈیٹس کی خبر شائع ہونے پر ڈپٹی کمشنر جہلم نے فوری ایکشن لیتے ہوئے ایکسین ہائی وے، انجینئر، سب انجینئر اور ٹھیکیدار پر مشتمل ایک ٹیم تشکیل دی، جو فوراً موقع پر پہنچ گئی۔ ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے کرین کی مدد سے 25 فٹ شگاف کو مٹی ڈال کر عارضی طور پر بند کردیا۔

ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے سڑک کی ناقص تعمیر اور بہہ جانے کے معاملے پر انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ اس کمیٹی کے کنوینئر ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ جہلم ہوں گے، جبکہ دیگر اراکین میں اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ، ایگزیکٹو انجینئر پی ایچ ای، اسسٹنٹ انجینئر ایل جی اینڈ سی ڈی جہلم، سب انجینئر ایل جی اینڈ سی ڈی جہلم، اور میونسپل آفیسر ایم سی سوہاوہ شامل ہیں۔ کمیٹی کو 48 گھنٹوں میں اپنی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

موقع پر موجود انجینئرز کو تحصیل پریس کلب سوہاوہ کی ٹیم نے متاثرہ سڑک کا دورہ کرایا اور ناقص میٹیریل کی واضح نشاندہی کی۔ یہ سڑک ساڑھے گیارہ کلومیٹر طویل ہے اور اہلِ علاقہ نے تحصیل پریس کلب کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے ان کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

جمعیت علمائے اسلام ضلع جہلم کے سیکرٹری اطلاعات و نشریات چوہدری عابد حسین دھمیال نے بھی ڈپٹی کمشنر جہلم، جہلم اپڈیٹس اور تحصیل پریس کلب سوہاوہ کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بروقت نشاندہی سے اس سڑک کو مزید تباہی سے بچا لیا گیا۔ انکوائری کمیٹی کے دورے کے بعد ٹھیکیدار نے فوری طور پر سڑک کے کناروں پر مٹی ڈالنے کا کام شروع کر دیا اور جلد مکمل مرمت کی یقین دہانی کرائی۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button