جہلم پولیس کا ضلع بھر میں سپیشل سرچ آپریشنز اور ناکہ بندی، 332 افراد کی جانچ پڑتال

جہلم پولیس نے ضلع بھر میں دہشت گردوں، جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی اور اہم تنصیبات کی سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے خصوصی سرچ آپریشنز اور ناکہ بندی کا انعقاد کیا۔ ان کارروائیوں کے دوران مختلف مقامات پر سرچ آپریشنز کیے گئے، جن میں مجموعی طور پر 332 افراد کی جانچ پڑتال عمل میں لائی گئی۔
ضلع بھر میں 12 مختلف مقامات پر سرچ آپریشنز کیے گئے، جن میں پولیس نے شہریوں کی ویری فکیشن جدید پولیس ایپلی کیشن کے ذریعے مکمل کی۔ اس کے ساتھ ساتھ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر سپیشل ناکہ بندی کرکے سخت چیکنگ کا عمل بھی جاری رہا۔
ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو کے مطابق، ان آپریشنز کا مقصد ناجائز اسلحہ اور منشیات کی برآمدگی، سماج دشمن عناصر کی بیخ کنی اور شرپسندوں کو ان کے مذموم عزائم پر عمل پیرا ہونے سے روکنا ہے۔ مجرمان اشتہاریوں، جرائم پیشہ افراد اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ مزید مؤثر بنایا جائے گا تاکہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
جہلم پولیس نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دیں تاکہ شہر میں امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔



