ڈی پی او جہلم کا ڈسٹرکٹ کورٹس اور ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس کا دورہ، سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا

جہلم: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) جہلم طارق عزیز سندھو نے ڈسٹرکٹ کورٹس اور ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس جہلم کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے تمام سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ان کے ہمراہ ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹرز اور ایس ڈی پی او سٹی سرکل بھی موجود تھے۔

دورے کے دوران ڈی پی او نے ڈیوٹی پر موجود پولیس افسران کو سیکیورٹی کے حوالے سے بریفنگ دی اور فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں۔

انہوں نے بخشی خانہ کا بھی معائنہ کیا اور وہاں موجود تمام تر سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے انچارج گارد جوڈیشل کو ہدایت کی کہ قیدیوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے اور انہیں ایس او پیز کے مطابق بحفاظت عدالت میں پیش کیا جائے۔

ڈی پی او طارق عزیز سندھو نے مزید کہا کہ ضلع کچہری میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پولیس افسران اپنی ذمہ داری احسن طریقے سے نبھائیں۔ کچہری کی عمارت میں داخل ہونے والے افراد کی ایس او پیز کے مطابق چیکنگ کو یقینی بنایا جائے اور شہریوں کے ساتھ عزت و وقار کے ساتھ پیش آیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ضلع کچہری کی سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ ڈسٹرکٹ کورٹس کے اندر اور باہر سخت سیکیورٹی کے انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ عدالتوں کے باہر پٹرولنگ بڑھا دی گئی ہے۔ مزید برآں، ایلیٹ فورس اور محافظ سکواڈ کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے اس موقع پر پولیس افسران کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ اپنی ڈیوٹی پوری ذمہ داری اور مستعدی سے انجام دیں تاکہ شہریوں کو پرامن ماحول فراہم کیا جا سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button