وزیر اعلیٰ پنجاب پورٹل میں خرابی، پڑی درویزہ کی درخواستیں التوا کا شکار

پڑی درویزہ: وزیر اعلیٰ پنجاب کے پورٹل پر ارسال کردہ شکایات کا کوئی جواب یا حل موصول نہیں ہو رہا، جس کی بنیادی وجہ انٹرنیٹ کے سرور میں خرابی بتائی جا رہی ہے۔ اس صورتحال پر شکایت پورٹل انتظامیہ سے فوری اصلاح احوال کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل سوہاوہ کے علاقے میں موجود 64 سالہ قدیم یادگار کیپٹن عطاء اللہ خان ڈسٹرکٹ کونسل سول ڈسپنسری کی اپ گریڈیشن کے لیے مقامی تحریک ترقی و فلاح کمیٹی پڑی درویزہ کی جانب سے دو ہفتے قبل وزیر اعلیٰ پنجاب کے پورٹل پر درخواست ارسال کی گئی۔
ابتدا میں چند روز تک درخواست کو "منتظر برائے کارروائی” کے طور پر ظاہر کیا جاتا رہا، لیکن حالیہ دنوں میں جب وزیر اعلیٰ پنجاب کا پورٹل کھولا جاتا ہے تو کمپیوٹر اسکرین پر "Server Error in Application” کے الفاظ ظاہر ہوتے ہیں، جس سے شکایت کنندگان کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔
اس صورتِ حال پر تحریک ترقی و فلاح پڑی درویزہ کے اراکین نے مشترکہ طور پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے فوری اصلاح احوال کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے اپیل کی کہ پورٹل پر موجود مذکورہ درخواست پر جلد کارروائی کی جائے تاکہ 64 سالہ ہسپتال نما ڈسپنسری کو بطور "کیپٹن عطا اللہ خان بنیادی مرکز صحت” کا درجہ دیا جا سکے، اور علاقے کی 20 ہزار آبادی کو بنیادی صحت کی سہولیات میسر آ سکیں۔



