ڈی پی او جہلم نے اسپیشل انیشیٹو پولیس اسٹیشن صدر کا افتتاح کر دیا

جہلم: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) جہلم طارق عزیز سندھو نے اسپیشل انیشیٹو پولیس اسٹیشن صدر کا افتتاح کر دیا۔

افتتاحی تقریب میں ایس ڈی پی او صدر سرکل، ایس ایچ او تھانہ صدر، ایکسین بلڈنگ، ایس ڈی او بلڈنگ، بلڈنگ انجینئر اور بڑی تعداد میں پولیس افسران موجود تھے۔

اس موقع پر ڈی پی او جہلم نے تھانے کی نئی عمارت، SIPs پروٹوکول، فرنٹ ڈیسک، مال خانہ اور حوالات کا تفصیلی جائزہ لیا اور تھانے میں شہریوں کو دی جانے والی سہولیات کا معائنہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنا اور ان کی آسان رسائی کو ممکن بنانا اولین ترجیح ہے، اسی مقصد کے تحت تھانہ صدر کو اسپیشل انیشیٹو پولیس اسٹیشن کا درجہ دیا گیا اور نئی عمارت تعمیر کی گئی۔

ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو کا کہنا تھا کہ نئی بلڈنگز کی تعمیر سے پولیس افسران اور اہلکاروں کو بہتر رہائش اور کام کرنے کے لیے صاف ستھرا ماحول میسر آئے گا، جس سے ان کی کارکردگی میں مزید بہتری آئے گی۔

بعد ازاں ڈی پی او نے تھانہ صدر کے افسران و اہلکاروں سے خصوصی میٹنگ بھی کی، جس میں انہوں نے واضح کیا کہ سرکاری تنصیبات ملک و قوم کی امانت اور پنجاب پولیس کا قیمتی اثاثہ ہیں، جن کی دیکھ بھال اور حفاظت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

انہوں نے سرکل افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے زیر انتظام تھانوں کے امور کی موثر سپرویژن کریں اور پولیس اسٹیشنز میں سروس ڈلیوری کو مزید بہتر بنائیں۔

ڈی پی او جہلم نے کرپشن اور اختیارات سے تجاوز پر زیرو ٹالرینس پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے ساتھ حسن اخلاق سے پیش آئیں اور ان کے مسائل کے حل میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نئی تعمیر شدہ بلڈنگز سے تھانوں میں آنے والے شہریوں کو مزید سہولیات فراہم کی جائیں گی، جس سے عوام اور پولیس کے درمیان اعتماد میں مزید اضافہ ہوگا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button