نگہبان رمضان امدادی پیکج کی ہیلپ لائن غیر فعال، مستحقین مشکلات کا شکار

پڑی درویزہ/ سوہاوہ: نگہبان رمضان امدادی پیکج کے چیکوں کی تقسیم کے دوران مستحقین کو شدید مشکلات کا سامنا، ہیلپ لائن 080002345 دن کے اوقات میں غیر فعال، صارفین کی شکایات سننے والا کوئی نمائندہ موجود نہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے شروع کیے گئے نگہبان رمضان امدادی پیکج کے تحت مستحقین میں چیکوں کی تقسیم جاری ہے، تاہم کئی خواتین، جن کے خاوند گھروں پر موجود نہیں، رقم کی وصولی میں مشکلات کا سامنا کر رہی ہیں۔
ان مسائل کے حل کے لیے فراہم کردہ ہیلپ لائن 080002345 پر جب بھی متاثرہ خواتین نے رہنمائی حاصل کرنے کے لیے کال کی، تو کوئی نمائندہ موجود نہیں تھا۔ یہ مسئلہ دن بھر جاری رہتا ہے، جس کی وجہ سے مستحق خواتین سخت پریشانی کا شکار ہیں۔
متاثرہ صارفین نے شکایت کی ہے کہ ہیلپ لائن پر کال کرنے کے لیے پہلے تو موبائل پیکج سے یہ نمبر ڈائل نہیں کیا جا سکتا، جس سے مالی استحصال کی صورت پیدا ہو رہی ہے۔ اگر کوئی صارف مجبوراً نیا بیلنس لوڈ کر کے کال کرتا ہے تو یا تو نمائندگان مصروف ہوتے ہیں یا پھر دستیاب ہی نہیں ہوتے، جس سے مسائل کا حل مزید پیچیدہ ہو جاتا ہے۔
عوام کی بڑی تعداد نے چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ تمام سیلولر کمپنیوں کو ہدایت جاری کی جائے کہ کسی بھی سرکاری ہیلپ لائن پر موبائل میں موجود پیکج بیلنس سے کال کرنے کی اجازت دی جائے۔ اس اقدام سے عوام کو بلاوجہ مالی مشکلات سے بچایا جا سکے گا اور مستحقین اپنی شکایات کا بروقت ازالہ کروا سکیں گے۔



